مقبوضہ کشمیر، عالمی برادری غیرقانونی بھارتی الحاق ختم کرائے،وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پرایک پھر عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے.

ٹوئٹر پر بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی الحاق کے خلاف اقدامات کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر مسلمانوں کو سب کے لیے مساوات، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کا پیغام یاد کرنے کی ضرورت ہے جو نبی کریم ﷺ نے 14 سو برس سے زائد پہلے ہمارے دیا تھا اور اسی نے انسانی حقوق اور انسانی عظمت کے احترام کے اصولوں کی بنیاد رکھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی تعلیمات، خاص طور پر ان کے آخری خطبے سے اور ہمارے آئین میں شامل ذمہ داریوں سے متاثر ہوکر میری حکومت بلا تفریق تمام شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ انسانی حقوق کے عالمی دن پر ہمیں عالمی برداری، عالمی قوانین کی عملداری یقینی بنانے والے اداروں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ قابض بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیرقانونی الحاق کے خلاف اقدامات کریں۔

عمران خان نے کہا ’ہم بھارتی حکومت کی جانب سے گزشتہ 4 ماہ سے جاری مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کی مذمت کرتے ہیں اور بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی ہمدردی اور انسانی حقوق کے تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں‘۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ہم، اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

یادرہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اور اس اقدام سے ایک روز قبل ہی وادی میں کرفیو نافذ کردیا تھا جو تاحال جاری ہے اور وہاں تمام مواصلاتی رابطے بھی منقطع ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.