حکومت مریم نواز کےای سی ایل کا7 دن میں فیصلہ کرے، لاہور ہائیکورٹ

فوٹو : فائل

لاہور(ویب ڈیسک)مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پرلاہور ہائی کورٹ نے  وفاقی حکومت کو 7 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے جسٹس علی باقر نجفی  کی سربراہی میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

مریم نواز کے وکیل نے موقف اپنایا کہ مریم نواز پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کا الزام لگا کر نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا لیکن مریم نواز کا موقف نہیں سنا گیا،  جو کہ وفاقی حکومت کی جانب سے  ایگزٹ کنٹرول لسٹ آرڈیننس کی خلاف ورزی کی ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیئے کہ آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت آپ وفاقی حکومت کے سامنے ریویو فائل کر سکتے ہیں جس پر وکیل نے کہا کہ مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے حکومت کو کوئی درخواست نہیں دی.

مریم نواز کو سنے بغیر نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا لہذا عدالت سے بہتر ہمارے پاس کوئی فورم نہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت حکومت کو درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ  کابینہ کی ریویو کمیٹی 7 روز میں اس پر فیصلہ کرے، عدالت نے مریم نواز کا پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر 16 دسمبر کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.