امریکی سفیر پال جونز کی وزیر خارجہ شاہ محمود سے ملاقات

اسلام آباد ( ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیاہے۔

دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے میں امن کی صورتحال بھی زیر بحث آئی شاہ محمود قریشی نے امریکا کی جانب سے افغان امن مذاکرات کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور امید کا اظہار کیا کہ اس اچھے فیصلے کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔

شاہ محمود اور امریکی سفیر کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن وامان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی، ملاقات میں خصوصی طور پر افغانستان کے امور پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پورے خطے میں تعمیر وترقی کا انحصار افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی سفیر کو خطے کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا افغانستان میں امن کے حوالے سے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔

Comments are closed.