غریب نواز حکومت نے حاتم طائی کی قبر پر لات مار دی، پٹرول 25 پیسے سستا

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) غریب نواز حکومت نے مہنگائی کا توڑ کردیا،پٹرول کی 114 روپے 24 پیسے فی لٹر قیمت میں سے 25 پیسے کم کردیئے.

وزرات خزانہ کے مطابق پیٹرول 25 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 40 پیسے کمی کی گئی اور نئی قیمت 125 روپے ایک پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی.

مٹی کا تیل 83 پیسے فی لیٹر سستا  ہونے کے بعد  96 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہوگیا، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

وزرات خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 90 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 82 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 17 فیصد جی ایس ٹی کی بنیاد پر کیا گیا، فی لیٹر پیٹرول پر 15 روپے پیٹرولیم لیوی شامل کی گئی جبکہ فی لیٹر ڈیزل پر 18 روپے پیٹرولیم لیوی شامل ہے۔

اسی طرح فی لیٹر مٹی کے تیل پر 6 روپے پیٹرولیم لیوی شامل ہے، فی لیٹر لائٹ ڈیزل آئل پر 3 روپے پیٹرولیم لیوی شامل کی گئی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گزشتہ روز سمری وزارت پیٹرولیم کو بھیجی تھی جس میں پیٹرول 25 پیسے اور مٹی کا تیل 83 پیسے فی لیٹر جب کہ لائٹ ڈیزل 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی گئی۔

Comments are closed.