وزیراعظم عمران خان کا امریکی صدر ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ


فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر بات چیت کی ۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ٹرمپ سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مغربی یرغمالیوں کی افغانستان میں رہائی مثبت پیشرفت ہے، پاکستان کو خوشی ہے کہ رہا ہونے والے مغربی یرغمالی محفوظ اور آزاد ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر  امریکی صدر نے اس معاملے پر پاکستان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغان طالبان نے اپنے تین قیدیوں کے بدلے 2 غیر ملکی پروفیسرز کو رہا کیا ہے جس کا پاکستان نے خیرمقدم کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے افغان امن و مفاہمتی عمل میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا  اور دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل کے مشترکہ مقصد کے فروغ کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کو محصور ہوئے اب 100دن سے زیادہ ہوگئے ہیں۔

عمران خان نے امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کے ساتھ مسلسل رابطوں کو سراہا اور امریکی صدر کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں سہولت کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے  بات چیت کے دوران آئندہ بھی قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.