اسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ، پاکستان 240پر آوٹ


فوٹو: اے ایف پی

برسبین( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 240 رنز پر آوٴٹ ہو گئی، اسد شفیق 76رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

ٹاس جیت کر کپتان اظہر علی نے بیٹنگ کو ترجیح دی، نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ ٹیسٹ ڈیبیوکیپ دی گئی،شان مسعود اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

پہلے آوٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جھنوں نے 27رنز بنائے،اظہر علی 39رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ آوٹ آوف حارث سہیل ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔

سفید بال سے رنز کے انبار لگانے والے بابراعظم بھی ایک رن سے آگے نہ بڑھ سکے، امیدوں کامرکز افتخار احمد بھی صرف7رنز بنا کر آوٹ ہوگئے،75 پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد صرف 19 رنز کے اضافے سے قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی آوٴٹ ہوگئے۔


اسد شفیق 76رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

محمد رضوان نے اسد شفیق کے ساتھ مل کر کینگرو بولرز کے خلاف اچھی مزاحمت کی لیکن 37 کے انفرادی اسکور پر محمد رضوان تھرڈ امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار ہو گئے، واضح نو بال کے باوجود تھرڈ ایمپائر نے بار بار ری پلے دیکھ کر بھی غلط فیصلہ داغ دیا۔

اسد شفیق اور یاسر شاہ کے درمیان بھی ففٹی پلس کی شراکت چلی لیکن نئی گیند ملنے کے بعد مچل اسٹارک بولنگ کے لیے آئے اور پہلے ہی اوور میں یاسر شاہ کو 26 رنز پر کلین بولڈ کر دیا، اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٴٹ ہو گئے۔

اگلے اوور میں پیٹ کمنز کی اندر آتی ہوئی سلو گیند پر اسد شفیق بھی کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 134 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز اسکور کیے،

پاکستان کے آخری آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جو 7 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوئے اور اس طرح پوری ٹیم 86 اعشاریہ 2 اوورز میں 240 رنز پر آوٴٹ ہو گئی۔

عمران خان 5رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے،آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے 3 اور ہیزل وڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ ناتھن لیون ایک ہی وکٹ لے سکے۔

Comments are closed.