ادا کارحمزہ علی عباسی کا شوبز چھوڑنے کااعلان


فوٹو: ٹوئٹر

کراچی(ویب ڈیسک )حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے اداکار حمزہ علی عباسی نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

پاکستان معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے یہ اعلان ایک ویڈیو کے زریعے کیا جو کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیاگیاہے۔

ویڈ یو میں حمزہ علی کا کہنا ہے کہ میں 10 سال کے عرصے سے خدا اور موت کے بعد جیسی چیزوں پر تحقیق کررہا تھا اور اس دوران جو باتیں سامنے آئیں اب وہ مداحوں کے ساتھ شیئر کروں گا۔

ویڈیو کے آغاز پر سب سے پہلے رب اور پھر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ماضی کی زندگی کے بارے میں کچھ بتایا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں شوبز انڈسٹری سے اس وجہ سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہا کہ اداکاری حرام ہے، میری تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ اسلام میں صرف بدکاری حرام ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں میڈیا کی حد تک اداکاری چھوڑ رہا ہوں اور اب اپنی بقیہ زندگی اسلام کے مطابق گزاروں گا، ساتھ ہی اپنے مداحوں کو بھی رب اور اسلام کے حوالے سے آگاہی دوں گا۔

حمزہ علی عباسی نے وضاحت کی کہ میں کنارہ کشی مشہوری کے لیے نہیں بلکہ غیرمعیاری کام کی وجہ سے کررہا ہوں، مستقبل میں آپ خود میری بنائی فلمیں اور ڈرامے دیکھیں گے۔

حمزہ علی عباسی نے ویڈیو میں سیاست چھوڑنے کا عندیہ بھی دیا اور مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز شیئر کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور 25 اگست کو ازدواجی بندھن میں بندھے جس کے بعد اداکارہ نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

حمزہ علی عباسی نے اپنے کریئر کا آغاز 2006 میں تھیٹر سے کیا، بعد ازاں انہوں نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے پیارے افضل میں مرکزی کردار ادا کر کے شہرت کی بلندیوں کو چھوا، اسی دوران انہوں نے مختلف فلموں میں بھی کام کیا۔

Comments are closed.