فرشتہ قتل پر وزیراعظم کا براہ راست ایکشن،ڈی ایس پی معطل، روزانہ رپورٹ طلب

اسلام آباد (زمینی حقائق )وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں بچی فرشتہ کے قتل کے معاملے پر براہ راست ایکشن لے لیا،  وزیر اعظم نے ڈی ایس پی عابد کو معطل، ایس پی عمر خان کو او ایس ڈی بنا دیا ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار اور ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے،

یہ بھی ان سے پوچھا گیاہے کہ ایف آئی آر میں نامزدگی کے باوجود پولیس اہلکاروں کو بروقت گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ۔
ادھر وزیراعظم آفس نے معصوم بچی فرشتہ کے قتل کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرشتے کے والد نے 15 مئی کو بچی کی گمشدگی سے متعلق پولیس کو رپورٹ کیا،4 دن کی تاخیر سے 19 مئی کو ایف آئی آر درج کی گئی، فرشتے کی لاش 20 مئی کو تلاش کی گئی، بچی کے لواحقین کے ساتھ پولیس کا رویہ بے درد ی کا تھا۔

پولیس نے بچی کے اہلخانہ سے اپنے دفاتر کی صفائی کروائی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی مداخلت پر پوسٹمارٹم کیا گیا،وزیراعظم کا ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم ، وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایچ او کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی شروع کی جائے۔

وزیراعظم نے جوڈیشل انکوائری مکمل ہونے تک ڈی ایس پی کو معطل اور ایس پی کو او ایس ڈی بنانے کا حکم دے دیا ہے، وزیراعظم نے اپنی ہدایات پر روزانہ کی بنیاد پر اپ دیٹس دینے کی ہدایت کردی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ سسٹم کی ناکامی ہے کہ بچی کے اہلخانہ سے دفاتر کی صفائی کروائی گئی، آئی جی اور ڈی آئی جی وضاحت کریں کہ بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے میکنزم کیوں نہیں بنا؟ متاثرہ فیملی کے لیے فوری انصاف کے لیے سسٹم کی ناکامی کی وجوہات بتائی جائیں۔

Comments are closed.