پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو کاکول ملٹری اکیڈمی بھیجنے کا فیصلہ

50 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو کاکول ملٹری اکیڈمی بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا،قومی مینز کرکٹ ٹیم کے بعد اب ویمن کرکٹرز کو بھی فٹنس  بہتر بنایا جائے گا۔

کاکول ملٹری اکیڈمی ایبٹ آباد میں جسمانی تربیت کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پہلے اعظم خان اور پھر محمد رضوان ان فٹ ہو کر سیریز سے باہر ہوئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے  کھلاڑیوں کو جولائی میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول بھیجا جائے گا۔

ویمن کرکٹرز کو فٹنس میں اضافے کے لیے کاکول کے انسٹرکٹرز کے پاس بھیجا جارہا ہے، نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ملٹری اکیڈمی کاکول میں کسی بھی خواتین ٹیم کو بھیجنے کا یہ پہلا موقع ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے فٹنس اور اسکلز کیمپ میں ایک وقت میں 15، 15خواتین کرکٹرز شریک ہوں گی۔

پی سی بی ویمن ونگ کی سربراہ تانیہ ملک نے منگل کو کراچی میں بتایا کہ یہ بات شدت سے محسوس ہوئی ہے کہ خواتین کرکٹرز کی فٹنس پر کام کرنا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے ہر ریجنل اکیڈمی میں اسکلز اینڈ کنڈیشنگ کوچ لگانے کا فیصلہ کیا ہے،انہوں نے بتایا کہ کاکول میں فٹنس اور ایبٹ آباد میں اسکلز کیمپ ایک ساتھ چلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے 15 دن جو 15لڑکیاں فٹنس کیمپ میں شرکت کریں گی اسی دوران دیگر 15 لڑکیاں ایبٹ آباد میں کوچز کی نگرانی میں اسکلز کیمپ میں شرکت کریں گی۔

ان کے مطابق دو ہفتے بعداسکلز کیمپ کی لڑکیاں فٹنس کیمپ اور فٹنس کیمپ کی لڑکیاں اسکلز کیمپ جوائن کرلیں گی۔

تانیہ ملک نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز ختم ہوتے ہی پاکستانی ٹیم انگلینڈ روانہ ہوجائے گی۔انگلینڈ کی سیریز کے بعد کھلاڑیوں اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایک سوال کےجواب میں بتایا کہ غیر ملکی کوچ کی تقرری چیئرمین محسن نقوی کی مشاورت سے کی جائے گی۔محسن نقوی خواتین کرکٹ کی کارکردگی میں بہتری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مینز کرکٹ ٹیم نے بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل کاکول ملٹری اکیڈمی میں جسمانی تربیت میں حصہ لیا تاہم واپسی کے بعد اعظم خان ان فٹ ہو کر سیریز سے آوٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان بھی پوری سیریز نہ کھیل سکے۔

کاکول ملٹری اکیڈمی میں ٹریننگ کے باوجود قومی ٹیم فٹنس مسائل کا شکار رہی اور کارکردگی بھی اچھی نہ رہی بلکہ نیوزی لینڈ کی دوسرے درجے کی ٹیم سے سیریز 2،2 سے برابری پر ختم ہوئی۔

Comments are closed.