چئیرمین ہلالِ احمر سردار شاہد لغاری کی کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار سے ملاقات

50 / 100

فوٹو: پی آر

اسلام آباد(وقارفانی مغل) چئیرمین ہلالِ احمر سردار شاہد لغاری کی کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار سے ملاقات ہوئی ہے کور کمانڈر ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں چیئرمین ہلال احمر نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری کاموں سے متعلق بریفنگ دی۔

ملاقات میں باہمی دِلچسپی کے اُمور،مستقبل کے اقدامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اِس موقع پر سردار شاہد احمد لغاری نے سندھ میں سیلاب متاثرین کے لئے جاری ہلالِ احمر پاکستان کی خدمات سے متعلق آگاہ کیا۔

ملاقات میں سندھ کے سیلاب متاثرین مجموعی صورتحال سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔چیئرمین ہلالِ احمر کا کہنا تھاکہ 28 لاکھ سے زائد سیلاب متاثرہ گھرانوں کی مدد کی گئی ہے اور 55اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھی گئی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں اب بحالی اور تعمیر نو کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخارکو انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دیگر موومنٹ پارٹنرز کی جانب سے تعاون سے متعلق بھی آگاہی دی۔

سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان نے مقامی انتظامیہ، پاک فوج کے ساتھ مل کر پینے کا صاف پانی، گھریلو ضرورت کے سامان، موبائل ہیلتھ یونٹس کے ساتھ ساتھ ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا تھا۔

متاثرہ گھرانوں کو نقد مالی مدد بھی فراہم کی گئی ہے اور ذرائع معاش کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ماڈل شیلٹر ہاؤس اور عوامی بیت الخلاء کی تعمیر جار ی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان بیپر جوائے کے موقع پر ٹھٹھہ، بدین اور سجاول کے لوگوں کی نقل مکانی کو یقینی بنایا، 28 ہزار گھرانوں کو گھریلو ضرورت کا سامان جبکہ 10 ہزار گھرانوں کو راشن فراہم کیا گیا۔

ہلال احمر سندھ برانچ کو مستحکم کرنے کیلئے بھی متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخارنے ہلالِ احمر کی قدرتی آفات کے دوران خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ گھرانوں کیلئے ہلالِ احمر کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔

قدرتی آفات و سانحات میں ہلالِ احمر کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ دُکھی انسانیت اور آفات متاثرہ آبادیوں کیلئے مرہم بننے پر ہلالِ احمرپاکستان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ آپ قومی ہیرو ہیں، قوم کی توقعات اور اُمیدوں کے محور ہیں۔

ان کا کہنا تھا آنے والے دِنوں میں جہاں بھی ضرورت ہوئی وہاں مشترکہ اقدامات بھی اُٹھائے جائیں گے۔موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی پھیلانے اور پیشگی تیاری کیلئے ہلالِ احمرکے رضاکاروں کو شامل رکھاجائے گا۔

سیلاب متاثرہ گھرانوں کو ذرائع معاش کی فراہمی مستحسن، عظیم اور اطمینان بخش اَمر ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہلالِ احمر کا بروقت ریسپانس قابلِ رَشک ہے۔کسی بھی قدرتی آفت اور سانحہ سے نمٹنے کیلئے پاک فوج ہلالِ احمر کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کمزور صلاحیتوں کی حامل کمیونٹیز کی بہتری کیلئے اقدامات کو جدید خطوط پر استوار کرنا خوش آئند ہے۔ سانحات کی پیش بندی ضروری ہے، پیشگی اقدامات و انتظامات کے باعث کسی بڑے نقصان سے بچا جاسکتا ہے، انہوں نے عوام الناس میں آگاہی کیلئے مربوط بنیادوں پر مہم چلانے پر بھی زور دیا۔

سردار شاہد احمد لغاری نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریکوری فیز کے تحت ذرائع معاش،واٹر فلٹریشن پلانٹس، صحت عامہ کی سہولیات، صحت و صفائی کیلئے اقدامات اور متاثرہ گھرانو ں کیلئے ماڈل شیلٹر ہاؤس پراجیکٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

اِس موقع پرلیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے انسانیت کی خدمت کے سفر میں صوبہ سندھ کے تمام ڈویژن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے بعد دونوں اطراف سے مومینٹو کا بھی تبادلہ کیا گیا۔

Comments are closed.