ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری کا ہلالِ احمر کا دورہ،سردار شاہد احمدلغاری سے ملاقات

52 / 100

فوٹو: پی آر

اسلام آباد:ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری کا ہلالِ احمر کا دورہ،سردار شاہد احمدلغاری سے ملاقات کی، ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سے ملاقات میں پاک ایران سرحد کے دونوں اطراف صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا.

پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کو فرض عین سمجھتے ہیں، ہلالِ احمر پاکستان کے انسانیت دوست اقدامات کو تقویت بخشتے ہوئے صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔

ایرانی سفیرنے برملا کہا کہ ہلالِ احمر کی قیادت نے ایرانی سفارتخانہ آنے میں پہل کی تھی، مجھ پر یہ قرض تھا کہ میں بھی ہلالِ احمر پاکستان کا تفصیلی دورہ کروں۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے ہلالِ احمر پاکستان نیشنل ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان سردارشاہد احمد لغاری سے ملاقات میں کیا۔ ہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے سفیر محترم ڈاکٹر رضا امیری کی آمد پر گلدستہ پیش کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔اِس ملاقات میں ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے تعاون اور شراکت داری کے فروغ کو سراہا۔

سردار شاہد احمد لغاری نے سیلاب زدہ علاقوں میں خدمات کا احاطہ کیا۔ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے 28 لاکھ سے زائد سیلاب متاثرین کی مدد کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہلالِ احمر نے 2.5 ملین سیلاب متاثرین کو صحت عامہ کی سہولیات پہنچا کر تاریخ رقم کی۔

انہوں نے ہلالِ احمر کی قیادت کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اِس موقع پر سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ اور ایران ریڈ کریسنٹ کے باہمی تعاون کے علاوہ ہم سفارتی سطح پر تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنا کر مزید تعاون چاہتے ہیں۔

اِس ضمن میں ایران کے دیگر امدادی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ مستحکم روابط کے خواہاں ہیں۔ دونوں ممالک کے مستحکم تعلقات اور باہمی تعاون قابلِ رَشک ہے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مثالی اقدامات سے ہم پوری دنیا میں مثال بن سکتے ہیں۔

بعد ازاں سردار شاہداحمد لغاری نے ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کے منصوبوں میں ایران کی شراکت اور گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کیلئے ڈائیلاسز کی سہولت اہم ترین ہے۔

سردار شاہد احمد لغاری نے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجنے پر ایرانی ریڈکریسنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران کی جانب سے طبّی عملہ کی تربیت اور استعداد ِ کار بڑھانے کیلئے تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

متعدی بیماریوں کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچہ کی مضبوطی سے کمزور صلاحیتوں کی حامل کمیونٹیز کو فائدہ پہنچے گا۔

ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے ہلالِ احمر پاکستان کی سیلاب زدگان کیلئے خدمات کی تعریف کی اور ادارہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے پاک افغان سرحد کی طرح پاک ایران 900 کلومیٹر پر محیط سرحد کے دونوں اطراف کے زائرین کو صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں دلچسپی ظاہر کی۔

ایرانی سرحد پر ہلالِ احمر کی جانب سے ویکسی نیشن، فرسٹ ایڈ، خاندانی روابط کی بحالی کے تحت خدمات کی فراہمی کا عندیہ دیا گیا ہے۔ڈاکٹر رضا امیری نے کہاکہ ایرانی سفارتخانہ کے تحت چلنے والے بنیادی مراکز صحت، ڈائیلاسز یونٹ کو ہلال ِاحمر پاکستان کے ذریعے ان مراکز کی مکمل فعالیت، طبّی عملہ کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے کے بھی خواہاں ہیں۔

ملاقات میں ایرانی ریڈکریسنٹ اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کے مابین تعاون کی نئی راہیں کھولنے، رابطہ کاری کے فروغ اور مشترکہ پروگراموں کے اجراء کا بھی خیرمقدم کیا گیاتاکہ ریڈ کریسنٹ کے مینڈیٹ کے مطابق مختلف شعبوں میں تجربات،مشاہدات اور سکلز سے استفادہ کیاجائے۔

دونوں رہنماؤں نے سیاحتی و مذہبی وفود کیلئے ویزہ اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہتر بنانے سے متعلق بھی بات چیت کی۔ قبل اَزیں ایران کے سفیر کو مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ اِس موقع پر سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان عبیداللہ خان و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری کویادگاری شیلڈبھی پیش کی گئی۔

Comments are closed.