ملک میں شدید دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا نظام شدید درہم برہم ،مسافر پریشان

48 / 100

فائل:فوٹو

لاہور: پنجاب کے متعدد علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث اہم شاہراہیں بند ہیں جبکہ ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئیں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔

ملک میں شدید دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا نظام شدید درہم برہم ہوگیا، جس کی وجہ سے مسافر سرد موسم میں انتظار کی کوفت اٹھانے پر مجبور ہیں۔

دھند کے باعث لاہور ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہے جس کی وجہ سے بیرون ملک سے آنے والی چار پروازوں کو اسلام آباد اتار دیا گیا۔

لاہور کے علامہ اقبال ائرپورٹ پر شدید دھند کا راج برقرار ہے، جس کی وجہ سے کئی ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں جب کہ رن وے پر حد نگاہ 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

ائرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے استنبول جانے والی پرواز ٹی کے 715، استنبول سے آنے والی ترکش ائرلائن کی پرواز ٹی کے 714، مسقط جانے والی اومان ائرلائن کی پرواز ڈبلیو وائے 342 منسوخ ہو گئیں جب کہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 740 کل جمعرات کو صبح ساڑھے 4 بجے آپریٹ کروائی جائے گی۔

دوسری جانب دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 203 دس گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی۔ دبئی سے آنے والی دوسری پرواز پی کے 204 کو کل جمعرات کو صبح 4 بجے آپریٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور سے کراچی جانے والی ائرسیال کی پرواز پی ایف 146 اور کراچی سے لاہور آنے والی ائرسیال کی پرواز پی ایف 145منسوخ کردی گئیں۔

ادھر شدید دھند کی وجہ سے ٹرین آپریشن بھی 7 سے 8 گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہے، جس کے باعث شدید سردی میں مسافر ریلوے اسٹیشنوں پر موسم کی شدت سے بے حال ہیں۔

ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 7 گھنٹے ، پاکستان ایکسپریس 8گھنٹے، تیزگام ایکسپریس 6 گھنٹے ، رحمان بابا ایکسپریس 6 گھنٹے اور ملت ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

علامہ اقبال ایکسپریس5، خیبر میل ایکسپریس 5، کراچی ایکسپریس 4، قراقرم ایکسپریس3، جعفر ایکسپریس 4 اور فرید ایکسپریس 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید دھند کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد اور روانگی کا صیح وقت جاری نہ ہونے سے مسافروں کو شدید سرد موسم میں پلیٹ فارموں پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑرہا ہے۔

علاوہ ازیں موٹروے ترجمان کے مطابق دھند کی وجہ سے لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے ننکانہ صاحب ،موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک اور سیالکوٹ مو ٹروے لاہور سے سمبڑیال تک بند کر دی گئی ہے، جی ٹی روڈز پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

روڈ یوزرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اورگاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کر یں،مزید معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

Comments are closed.