ایران میں فسادات کرانے کے الزام میں فرانس کے 2 جاسوس گرفتار

53 / 100

تہران : ایران میں فسادات کرانے کے الزام میں فرانس کے 2 جاسوس گرفتار کرلئے گئے، بتایا جاتاہے کہ ان سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔

ایرانی خبررساں ادارے ،سحر نیوز، کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ دونوں جاسوس سیاحوں کے روپ میں ایران آئے تھے اور ناپسندیدہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں فرانس کے جاسوسوں نے گرفتار ہونے کے بعد ایران میں حالات کو خراب کرنے اور ایران کی قومی سلامتی کے خلاف اقدام کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار ہونے والے جوڑے کے مطابق وہ دونوں میاں بیوی ہیں اور انھوں نےاعتراف کیاہے کہ ان کا تعلق فرانس کی بیرونی سکیورٹی سروس سے ہے، اپنے اعترافی بیان میں تہلکہ مچا دینے والے انکشافات کئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے ان فرانسیسی جاسوسوں کو ایران میں حالات خراب کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا تاکہ وہ اس حربے کے زریعے ایران کے اسلامی نظام کو نقصان پہنچایا جا سکے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تفتیش میں اقبال جرم کے بعد جلد ہی ان جاسوسوں کے اعتراف کی ویڈیو بھی جاری کی جائے گی۔

دوسری طرف ایران مخالف فارسی زبان کے ذرائع ابلاغ نے بھی اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ گرفتار ہونے والے فرانسیسی ایران میں حالات خراب کرنے کےلئے کام کررہے تھے۔

ذرائع ابلاغ نے بھی فرانسیسی جاسوس جوڑے کے میاں بیوی ہونے کی خبر دی ہے تاہم اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیاہے دونوں ٹیچر تھے۔

واضح رہے کہ ایرانی خاتون مہسا امینی کی موت کے بعد ایران میں خواتین نے حقوق کے نام پر ملک گیر احتجاج شروع کیاہے جس میں اب دیگر شعبہ زندگی کے لوگ بھی شامل ہوئے ہیں۔

ایران میں حالات خراب ہونے کے بارے میں حکومتی سطح پر بھی یہ موقف پایا جاتاہے کہ ایران میں حالات کی خرابی کو امریکہ سمیت دیگر ایران دشمن قوتوں نے ہوا دی ہے۔

Comments are closed.