وزیراعظم کا ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پر اظہار مایوسی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کو مایوس کن قرار دے دیا۔

ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’پنجاب اسمبلی کی جانب سے اراکین اسمبلی، وزراء اور خصوصاً وزیراعلیٰ کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کا فیصلہ سخت مایوس کن ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ’پاکستان خوشحال ہوجائے تو شاید یہ قابلِ فہم ہو مگر ایسے میں جب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی وسائل دستیاب نہیں، یہ فیصلہ بالکل بلاجواز ہے۔

وفاقی وزراء شیریں مزار ی اور فواد چوہدری نے بھی پنجاب کے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کو پارٹی کی کفایت شعاری پالیس کے منافی قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب عوامی نمائندگان ترمیمی بل 2019ء تحریکِ انصاف کے رکن غضنفرعباس چھینہ نے پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جس کی منظوری قائمہ کمیٹی برائے قانون نے دی اور یوں بل 24 گھنٹے کے اندر منظور بھی ہوگیا۔

بل کے تحت ارکانِ اسمبلی کی تنخواہ اور مراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھ کر ایک لاکھ 92 ہزار روپے ہوگئی، بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 80 ہزارروپے ماہانہ، ڈیلی الاوٴنس 1 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار، ہاوٴس رینٹ 29 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار، یوٹیلیٹی الاوٴنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے اور مہمان داری الاوٴنس 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کردیا گیا۔

Comments are closed.