ہلال ِاحمر نے 4 ہسپتالوں کو لائف سیونگ آکسیجن کنسنٹریٹرز دے دیئے

56 / 100

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ہلال ِاحمر نے 4 ہسپتالوں کو لائف سیونگ آکسیجن کنسنٹریٹرز دے دیئے ہلالِ احمر پاکستان کی جانب سے جڑواں شہروں کے 4سرکاری ہسپتالوں کیلئے زندگی بچانے والے آکسیجن کنسنٹریٹرفراہم کئے گئے۔

راولپنڈی، اسلام آبادکے 4 سرکاری ہسپتالوں کو 16 لائف سیونگ آکسیجن کنسنٹریٹرز نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب میں دیئے گئے۔تقریب میں چئیرمین ہلال احمر ابرار الحق، وائس چیئرمین آصف باجوہ،سیکرٹری جنرل،ہلالِ احمر کے افسران اور رضاکار موجود تھے۔

اِس موقع پر ہلالِ احمر کے چیئرمین ابرار الحق کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری، مریضوں کی جان بچانے کیلئے حکومتی جاری جدوجہد میں ہلالِ احمر بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنا ہماری اوّلین ذمہ داری ہے۔

ہلالِ احمر کی کورونا وباء کے خاتمہ کیلئے مسلسل خدمات حکومتی کوششوں کی تکمیل کرے گی۔ آکسیجن کنسنٹریٹرز کورونا وائرس انفیکشن، دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔

ابرار الحق نے کہا کہ آکسیجن کنسنٹریٹر کی فراہمی کے علاوہ ہلالِ احمر نے ملک بھر میں ہیلتھ کیئر سے متعلقہ اداروں اور افراد کو ماسک سینی ٹائزر، پرسنل پروٹیکشن آلات اور ہائیجین کٹس بھی فراہم کی ہیں۔ ہلالِ احمر کے تربیت یافتہ رضاکاروں نے مستحق اور کورونا متاثرہ گھرانوں کو راشن بھی پہنچایا ہے۔

ابرار الحق نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ کورونا وباء کے مکمل خاتمہ تک ہلالِ احمر اپنی خدمات فراہم کرتا رہے گا۔ اِن حالات میں معاشرکے کے کمزور طبقات کی مدد جاری رکھی جائے گی۔

انھوں نے موومنٹ پارٹنرز بالخصوص انٹرنیشنل فیڈریشن اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور ایکو(ای سی ایچ او)کے تعاون کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ ہلالِ احمر نے کورونا ویکسی نیشن کیلئے گھر گھر مہم کا دائرہ کار بھی بڑھا دیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں گھر گھر ویکسی نیشن مہم کامیابی سے جاری ہے۔ ہلالِ احمر کے زیر ِ اہتمام کورونا کیئر ہسپتال کو ماس ویکسی نیشن سنٹر کا درجہ ملنا ہمارے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ یہاں سے اب تک 4 لاکھ50ہزار سے زائد لوگ ویکسی نیشن کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔

Comments are closed.