ٹیم آف دا پی ایس ایل 2020 کا اعلان،شاداب خان کو کپتانی مل گئی

کراچی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ فائیو کے خاتمے کے بعد ٹیم آف دا پی ایس ایل 2020 کا اعلان کردیا گیا ہے 3 اوپنرز کے ساتھ اعلان کردہ ٹیم کی کپتانی شاداب خان کو دی گئی ہے۔

ٹیم کا اعلان کرنے والی جیوری میں کمنٹیٹرز بازید خان، رمیض راجہ اور عروج ممتاز کے علاوہ پی ایس ایل 2020 کی ٹیکنکل کمیٹی کے رکن اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان شامل تھے۔

ایونٹ کے قواعد اور ضوابط کے تحت اعلان کردہ 12 رکنی پاکستان سپر لیگ 2020 کی ٹیم میں چار غیر ملکی اورایک ایمرجنگ کرکٹر شامل ہیں۔ ایونٹ میں شریک پانچ مختلف ٹیموں کے کھلاڑی اس ٹیم میں جگہ بناسکے ہیں۔

ان کھلاڑیوں میں لاہور قلندرز کے 6، کراچی کنگز کے 3، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے ایک ایک کھلاڑی شامل کیا گیا ہے ۔

12 رکنی ٹیم آف دا پی ایس ایل میں بابراعظم (کراچی کنگز)، کرس لین (لاہور قلندرز)، ایلکس ہیلز (کراچی کنگز)، حیدر علی (پشاور زلمی)، محمد حفیظ (لاہور قلندرز)، شاداب خان ، کپتان (اسلام آباد یونائیٹڈ)، بین ڈنک، وکٹ کیپر (لاہور قلندرز)، ڈیوڈ ویزے (لاہور قلندرز)، محمد عامر (کراچی کنگز)، شاہین شاہ آفریدی (لاہور قلندرز)، محمد حسنین (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، فخر زمان، 12واں کھلاڑی (لاہور قلندرز) پر مشتمل ہے۔

اس ٹیم میں شامل بابراعظم وہ واحد کھلاڑی ہیں جو گزشتہ سال بھی ٹیم آف دا پی ایس ایل کا حصہ تھے۔ انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 میں 30.45 کی اوسط اور 115.51 کے اسٹرائیک ریٹ سے 335 رنز بنائے تھے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1329022424076197889?s=19

ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کے انتخاب میں کرکٹ سے متعلق مختلف محرکات کو پیش نظر رکھا گیا، جن میں کھلاڑی کی انفرادی کارکردگی کے میچ پر اثرات، کھلاڑی کی فٹنس اور ٹیم کا بہترین کمبی نیشن بھی دیکھا گیا۔

رمیض راجہ نے کہا ہے کہ لیگ میں شامل اتنے باصلاحیت کھلاڑیوں میں سے صرف 12 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا کوئی آسان مرحلہ نہیں تھا، ایسے اسکواڈ کا انتخاب کیا ہے جو کسی بھی فرنچائز کرکٹ ٹیم کے خلاف بہترین کارکردگی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رمیض راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل 2020 کی کامیابی کا کریڈٹ ان تمام شرکاء کو جاتا ہے جنہوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے اس ایونٹ کاچار چاند لگائے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اس فہرست کے علاوہ بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور قائداعظم ٹرافی میں چند ایسے کھلاڑی شامل تھےجو جلد بین الاقوامی سطح پر قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے شاداب خان نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹیم آف دا ٹورنامنٹ کا کپتان مقرر ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے تاہم انہیں افسوس ہے کہ ان کی ٹیم پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مرحلے میں رسائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی تاہم ہم ایونٹ کے آئندہ ایڈیشن میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

Comments are closed.