شاہ محمودکولمبو پہنچ گئے،آج سری لنکن صدر اور وزیراعظم سےملاقات کریں گے

کولمبو(نیٹ نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے، آج صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے.

بندرانائیکے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کولمبو پہنچنے پر سری لنکا  کی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری ایمبیسڈر پی سلوراج اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

وزیر خارجہ آج سری لنکا کے نومنتخب صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیں گے۔

وزیر خارجہ میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے اور خطے کی صورتحال، اہم علاقائی امور پر پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیر خارجہ کا دورہ ء سری لنکا  خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ سری لنکا وزیر اعظم عمران خان اور صدر پاکستان کی طرف سے نئی قیادت کے نام خصوصی خط لیکر آئے ہیں۔

وزیرخارجہ  کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے نو منتخب صدر اور نئے مقرر کئے گئے وزیر اعظم دونوں شخصیات کے ساتھ ہماری گہری شناسائی ہے اور دونوں پاکستان کے دوست ہیں.

یاد رہے موجودہ وزیر اعظم سری لنکا گذشتہ دو ادوار میں سری لنکا کے صدر رہ چکے ہیں ان کے ادوار میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تعلقات بہت مستحکم ہوئے

پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ مضبوط مراسم ہیں دونوں ممالک کے پاس  ایک دوسرے سے مستفید ہونے کے بہترین مواقع موجود ہیں.

پاکستان اور سری لنکا نے باہمی طور پر ایک دوسرے کی ہمیشہ معاونت کی ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے.

Comments are closed.