چین کشمیر پر سلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت کرے گا، وزیر خارجہ


بیجنگ( نیٹ نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ تین گھنٹے کی ملاقات، وزیر خارجہ کہتے ہیں چین مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی حمایت کرے گا۔

مقبوضہ کشمیر میں کشیدہ صورت حال پر چینی حکومت کو پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود بیجنگ پہنچے ہو ہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی ہنگامی دورے میں چینی ہم منصب سے ملاقات کے لیے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پہنچے تو ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

شاہ محمود قریشی وزیرخارجہ نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے بھارت کے غیر آئینی اقدامات پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی اقدام کے خلاف سیکیورٹی کونسل جانے کا فیصلہ کیا ہے اور چین پاکستان کی مکمل حمایت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون رکھے گا، چین اور پاکستان کی وزارتیں اور مشنز آپس میں روابط جاری رکھیں گے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق چین نے آج ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا بااعتماد دوست ہے، چین سے دوستی آج بھی لازوال ہے، اس پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔

شاہ محمود نے بتایا چینی وزیرخارجہ نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی ہے اور اتفاق کیا کہ بھارتی اقدام یکطرفہ ہیں، ان اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اسٹیٹس اور ہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

انہوں نے اتفاق کیا کہ ان بھارتی اقدامات سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ نے اتفاق کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر ایک متنازع مسئلہ تھا اور ہے، مسئلہ کشمیر کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔

یہ بھی کہا کہ چین مسئلے کا پر امن حل چاہتا ہے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو جبکہ چینی حکام کو بتایا کہ بھارت پلوامہ جیسی حرکت دوبارہ کرسکتا ہے۔

Comments are closed.