حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا
فوٹو:فائل
اسلام آباد:حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔جبکہ مہنگائی کی ستائی عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستر دکردیاہے ۔
وفاقی حکومت نے نئے مالی سال 2025-26 کے پہلے دن عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں10روپے 39پیسے فی لیٹر تک اضافے کا پہلا تحفہ دیدیا ہے۔
حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے 36 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دس روپے 39پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے وزارت خزانہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق آج سے کردیا گیا ہے قیمتیں اگلے پندرہ دن تک لاگو رہیں گی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول قیمت 258 روپے 43 پیسے سے بڑھ کر 266روپے 79پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 262 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 272روپے 98پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے حکومتی فیصلہ کو ظالمانہ قرار دیا ہے۔
شہریوں کاکہناہے کہ عوام پہلے ہی بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہے۔ اوپر سے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ان کاکہناہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔
Comments are closed.