وزیر خزانہ محمد اورنگزیب فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ کانفرنس میں شرکت کے لیے سپین روانہ
فوٹو:فائل
اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس آن فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے اسپین روانہ ہو گئے۔ یہ چار روزہ کانفرنس یکم جولائی سے سپین کے تاریخی شہر سیویل میں شروع ہو رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے حکومتی رہنماؤں، پالیسی سازوں، مالیاتی ماہرین اور ترقیاتی اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
اس بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد ترقی پذیر اور ابھرتی معیشتوں کے لیے پائیدار اور جدید مالیاتی حکمت عملیوں کی تشکیل کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کے اہداف (SDGS) کے حصول کو تیز کرنے کی عالمی کوششوں پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کانفرنس کے دوران مرکزی اجلاسوں کے ساتھ ساتھ کئی اعلیٰ سطحی سائیڈ ایونٹس میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ انٹرنیشنل بزنس فورم پالیسی ڈائیلاگ کے زیر اہتمام "ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں میں سرمایہ کاری کے لیے کریڈٹ ریٹنگز کے کردار” کے موضوع پر کلیدی خطاب کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMES) کے لیے مالی معاونت میں توسیع کے حوالے سے منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، جس میں وہ پاکستان کے تجربات اور پالیسی اقدامات کو عالمی برادری کے ساتھ شیئر کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران، وزیر خزانہ کی کئی اہم عالمی شخصیات، بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دو طرفہ تعاون، مالیاتی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
Comments are closed.