آزاد کشمیر میں امن کیلئے حکومت، اپوزیشن اور تمام فریق کردار ادا کریں، نعیم الرحمان

فوٹو : فائل 

اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر عملی طور پر بند ہے اور وہاں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا ہو چکی ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں کافی خون بہہ چکا ہے، جو پورے عوام کے لیے تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک جس صورتحال میں پہنچ چکا ہے، وہاں سے امن کا راستہ نکالنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے تمام سنجیدہ قوتوں پر زور دیا کہ وہ آگ پر تیل چھڑکنے کے بجائے معاملات کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت اپوزیشن رہنماؤں نے بھی اسمبلی کے فلور پر اس مسئلے پر بات کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے رابطہ کیا، تاہم یہ معاملہ کسی قسم کا کریڈٹ لینے کا نہیں بلکہ عوام کے مفاد میں مسئلے کے حل کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا وفد آج پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے بھی ملا ہے، جبکہ وہ وزیراعظم سے بھی رابطہ کریں گے تاکہ حکومت اور اپوزیشن مل کر اس بحران کا پرامن حل نکال سکیں۔

امیر جماعت اسلامی نے آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور انہیں پاکستان سے کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان شہداء کی قربانیوں سے حاصل کیا گیا ملک ہے، کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، اور اگر کسی سیاسی جماعت سے اختلافات ہیں تو انہیں مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے رابطوں کے لیے ذمہ داران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور امن کے قیام کے لیے ہر متعلقہ فریق سے رابطہ کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر میں امن کیلئے حکومت، اپوزیشن اور تمام فریق کردار ادا کریں، نعیم الرحمان

Comments are closed.