اسلام آباد میں جھنگ سیداں اور محلہ سادات بنیادی سہولیات سے تاحال محروم
فوٹو : سوشل میڈیا
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی اہم شاہراہ لہتراڑ روڈ سے ملحق جھنگ سیداں، محلہ سادات، پرانی کرپا روڈ اور گردونواح کی دیہی آبادیاں بنیادی شہری سہولیات سے محرومی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں نے رکنِ قومی اسمبلی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ راجہ خرم شہزاد نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ ان قدیم دیہی علاقوں کو ترقیاتی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق جھنگ سیداں اور محلہ سادات میں بڑی تعداد میں گھروں کو تاحال سوئی گیس کی سہولت میسر نہیں، جس کے باعث شہری مہنگے ایل پی جی سلنڈروں، لکڑی اور دیگر متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام مستحق گھروں کو بلاامتیاز گیس کنکشن اور میٹر فراہم کیے جائیں۔
رہائشیوں نے بتایا کہ علاقے کی بیشتر گلیاں خستہ حالی کا شکار ہیں۔ بارش کے دوران گلیوں میں کیچڑ اور کھڑا پانی معمول بن جاتا ہے، جبکہ نکاسیٔ آب کے مناسب انتظام نہ ہونے سے طلبہ، خواتین، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق علاقے میں جدید سیوریج نظام موجود نہیں، جس کے باعث گندا پانی گلیوں اور بعض اوقات گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال سے تعفن، مچھروں کی افزائش اور مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سیوریج لائنیں بچھا کر مؤثر نکاسیٔ آب کا نظام قائم کیا جائے۔
اہلِ علاقہ نے صاف پینے کے پانی کی قلت کو بھی سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زیرِ زمین پانی کی سطح مسلسل نیچے جا رہی ہے، متعدد گھروں کے بور ناکارہ ہو چکے ہیں اور شہری آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ٹیوب ویل نصب کیے جائیں اور جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جائے تاکہ صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
رہائشیوں نے پرانی کرپا روڈ کی خستہ اور تنگ حالت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک متعدد دیہی آبادیوں کے لیے مرکزی رابطہ شاہراہ ہے، تاہم اس کی خراب حالت حادثات اور ٹریفک مسائل کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سڑک کو دو رویہ کر کے جدید معیار کے مطابق تعمیر اور توسیع دی جائے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے نواح میں واقع ہونے کے باوجود جھنگ سیداں، محلہ سادات اور پرانی کرپا روڈ کے علاقوں کو کئی دہائیوں سے ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو مساوی ترقی کے اصولوں کے منافی ہے۔
معززینِ علاقہ نے راجہ خرم شہزاد نواز کی جانب سے مختلف فورمز پر دیہی اسلام آباد کے مسائل اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اب ان کوششوں کو عملی شکل دی جائے اور جھنگ سیداں، محلہ سادات، پرانی کرپا روڈ اور ملحقہ آبادیوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے وفاقی حکومت، چیف کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس، صاف پانی، جدید سیوریج، پختہ گلیاں، دو رویہ سڑک، صحت، تعلیم، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری جامع ترقیاتی منصوبہ شروع کیا جائے تاکہ ہزاروں شہریوں کو درپیش دیرینہ مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔
اسلام آباد میں جھنگ سیداں اور محلہ سادات بنیادی سہولیات سے تاحال محروم
Comments are closed.