ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ کا سیشن جج کے اعزاز میں استقبالیہ، ریٹائرڈ ملازمین کو خراج تحسین

فوٹو : زمینی حقائق

مانسہرہ: ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ کے اعزاز میں ایک پروقار ویلکم پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ بار روم مانسہرہ میں منعقدہ اس تقریب میں معزز ججز، ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ کے افسران و عملے، وکلا برادری اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں جہاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مانسہرہ کا پرتپاک استقبال اور شاندار انداز میں خیرمقدم کیا گیا، وہیں ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی خدمات کو بھی بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ریٹائرمنٹ پر جن ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی.

ان میں طارق جاوید (سینئر کلرک)، عبدالطیف (نائب قاصد)، علی الرحمان (نائب قاصد)، عبدالرحمان (چوکیدار) اور نورانی (سویپر) شامل تھے۔ شرکاء نے ان کی طویل، دیانتدارانہ اور قابلِ قدر خدمات کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

District jodiciary mansehra
بار روم مانسہرہ میں منعقدہ تقریب میں معزز ججز، وکلا اور عدالتی عملے کی شرکت

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے عدلیہ کی اہمیت اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مانسہرہ کے ساتھ دور دراز کے مضافاتی علاقے بھی منسلک ہیں، جہاں سے انصاف کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کو عدالتوں میں پیشیوں کے علاوہ بھی متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اس لیے ضروری ہے کہ عوام کو آسان، فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ انصاف کی رسائی ہر شہری تک یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر تقریب کے میزبان اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ کے ضلعی صدر شفقت الرحمان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، معزز شرکاء اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔

صدر ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ شفقت الرحمان

انہوں نے کہا کہ ہم تمام معزز شخصیات کی تقریب میں شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ میں بالخصوص معزز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحب کا انتہائی ممنون ہوں کہ انہوں نے اپنی بے حد مصروفیات کے باوجود ہماری دعوت قبول کی اور تقریب میں شرکت کرکے ہماری حوصلہ افزائی کی۔

اسی طرح طیب صاحب، ایڈیشنل سیشن جج اور سمیع اللہ خان صاحب، سینئر سول جج/ایڈمن کا بھی دلی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔

شفقت الرحمان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارا رزق سانجھا کیا ہے، ہم عدالتوں اور دفاتر میں اپنی زندگی کا بڑا حصہ ایک دوسرے کے ساتھ گزارتے ہیں، اس لیے ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے تمام ممبران ایک خاندان کی مانند ہیں۔

مانسہرہ بار روم میں تقریب کے شرکاء

ہمارے بعض ساتھی اپنی ملازمت کا طویل سفر ہمارے ساتھ طے کرنے کے بعد ریٹائر ہو چکے ہیں، جبکہ کل اگر اللہ تعالیٰ نے زندگی اور موقع دیا تو ہم میں سے ہر ایک کو بھی ریٹائر ہونا ہے۔ یہی احساس ہمیں ایک دوسرے کے احترام، محبت، خلوص اور باہمی تعاون کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اصل طاقت ہمارا اتحاد، اتفاق، باہمی احترام اور ٹیم ورک ہے۔ اگر ہم اسی جذبے کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہے تو نہ صرف ہمارا ادارہ مزید مضبوط ہوگا بلکہ ہم اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی پہلے سے بہتر انداز میں انجام دے سکیں گے۔

تقریب میں ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو شیلڈز دی گئیں

تقریب کے آخر میں جوڈیشری کے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو تنظیم کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ اینڈ سیشن جج نے شیلڈز دیں.

تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے نئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا۔

ڈسٹرکٹ جوڈیشری مانسہرہ کا سیشن جج کے اعزاز میں استقبالیہ، ریٹائرڈ ملازمین کو خراج تحسین

Comments are closed.