اہم سیاسی شخصیات استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ، عبدالعلیم خان کا بڑا وعدہ
فوٹو : اسکرین شاٹ
اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنے گروپ کے ہمراہ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
انہوں نے علی محمد یوسف، نثار ابدالی، افتخار رشید اور تقدیس گیلانی سمیت دیگر رہنماؤں کو بھی پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر استحکام پاکستان پارٹی کو آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا موقع ملا تو وادی کو مزید خوبصورت، ترقی یافتہ اور خوشحال بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی حسن سے مالا مال ہے اور اگر یہاں بنیادی ڈھانچے اور سیاحت پر توجہ دی جائے تو یہ خطہ یورپ سے کسی طور کم نہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت سے اربوں روپے کی آمدن حاصل کی جا سکتی ہے، تاہم ماضی میں اقتدار میں رہنے والی تمام جماعتیں عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو یہ سوال ضرور کرنا چاہیے کہ ان سے کیے گئے وعدے کیوں پورے نہیں کیے گئے، جبکہ تمام حکمران جماعتیں کشمیریوں کی محرومیوں کی ذمہ دار ہیں۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ ان کی جماعت نوجوانوں کو روزگار، معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو بے روزگاری، پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے گا اور ایک ایک نوجوان کو روزگار مہیا کیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے جدید انفراسٹرکچر ناگزیر ہے، اس مقصد کے لیے موٹرویز، معیاری سڑکیں، ایئرپورٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد مری ایکسپریس وے کو مانسہرہ، ناران اور کاغان تک توسیع دی جائے گی تاکہ شمالی علاقوں اور آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ مل سکے۔
انہوں نے اپنی وزارت کے دوران قومی شاہراہوں کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کا سالانہ ریونیو دوگنا کیا گیا، مری ایکسپریس وے پر ریسٹ ایریاز، مساجد اور دیگر سہولیات قائم کی گئیں جبکہ گلگت بلتستان میں سڑکوں کی بہتری اور مقامی افراد کے لیے ٹول فری سہولت بھی فراہم کی گئی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پاکستان کا سوئٹزرلینڈ ہیں بلکہ قدرتی حسن کے اعتبار سے اس سے بھی زیادہ خوبصورت ہیں، تاہم بہتر انفراسٹرکچر اور سہولیات کے بغیر سیاحت ترقی نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے فیصلے کشمیر میں بیٹھ کر کیے جائیں گے، بچوں کو سو فیصد تعلیم دی جائے گی، موٹرویز اور ایئرپورٹس تعمیر کیے جائیں گے اور سیاحت کو جدید خطوط پر فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر آزاد کشمیر میں ان کی حکومت کے دوران کرپشن ہوئی تو اس کی ذمہ داری وہ خود قبول کریں گے اور کرپشن میں ملوث کوئی بھی وزیر اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں نے ایک نئے ویژن کے ساتھ جماعت کا انتخاب کیا ہے تاکہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی محرومیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
اہم سیاسی شخصیات استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ، عبدالعلیم خان کا بڑا وعدہ
Comments are closed.