راولپنڈی میں 15سال تک وکالت کرنے والے وکلاء کی اسناد جعلی ثابت ہونے پر گرفتار
فوٹو : فائل
راولپنڈی : راولپنڈی میں 15سال تک وکالت کرنے والے وکلاء کی اسناد جعلی ثابت ہونے پر گرفتار کر لئے گئے ، پندرہ سال تک نظامِ انصاف کو دھوکہ دینے والے وکلاء کو راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس سے گرفتار کیا گیا.
ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی تصدیق کے بعد جعلی لائسنس اور جعلی ڈگری پر وکالت کرنے والے دونوں افراد کو پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھجوا دیا۔
ذرائع کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت وسیم تھیم اور محمد حنیف کے نام سے ہوئی ہے، جو برسوں سے عدالتوں میں باقاعدہ پیشیاں اور وکالت کرتے رہے، مگر پیچھے سے نہ بار کونسل کی رکنیت، نہ ڈگری، نہ لائسنس!
ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے دونوں افراد کے کوائف کی مکمل چھان بین کے بعد ان کے کاغذات جعلی قرار دیے گئے، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کروایا گیا، اور دونوں کو حوالات بھیج دیا گیا۔
عدالتی حلقوں میں اس انکشاف پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وکالت جیسے سنجیدہ اور باوقار پیشے میں اس نوعیت کی جعلسازی نہ صرف قانونی نظام کی ساکھ کو متاثر کرتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مجروح کرتی ہے۔
بار ذرائع کے مطابق، اس واقعے کے بعد دیگر مشتبہ افراد کی بھی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی ہے، اور کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed.