ملک کے بیشترشہروں میں وقفہ وقفہ سے بارش ، موسم خوشگوار
فائل:فوٹو
اسلام آباد ،راولپنڈی سمیت ملک کے بیشترشہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔موسلادھار بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیا۔محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج کشمیر ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد ، پنجاب میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقا مات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے جبکہ جنوب مشرقی سندھ اور شمال مشرقی،جنوبی بلوچستان میں بھی چند مقاما ت پر بارش کاامکان ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد ،جہلم ،کلرکہار ،پنڈدانخان ،چکوال سمیت دیگر مضافاتی اورسیاحتی مقامات پر رات گئے سے وقفہ وقفہ سے بارش کاسلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیاہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد،راولپنڈی، ڈی جی خان، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں مقامی،بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے ۔ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ،چارسدہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے ۔جبکہ 27 جون کو حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علا قے بھی زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آندھی،جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے، شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔
دوسری جانب چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین46،سبی ، جیکب آباد، بھکر،بہاولپور،دادو، نوکنڈی اورچلاس میں 45ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments are closed.