چوہدری نثار کی بڑی غلطی

50 / 100 SEO Score

اظہر سید

شریف خاندان وضع دار ہے ۔وزیراعظم کی چوہدری نثار کے گھر آمد انکی ہمشیرہ کی تعزیت سے زیادہ انکی سیاست زندہ رکھنے کیلئے ایک تحفہ ہے اور کچھ نہیں ۔سابق وزیر داخلہ جب مریم نواز کی قیادت میں کام کرنے کو سبکی سمجھتے تھے اصل میں بہت بڑی غلطی کر رہے تھے کہ مالکان شریف خاندان کی سیاست ختم کر دیں گے۔

جنرل باجوہ اور فیض کا سلسلہ اگلے دس پندرہ سال جاری رہے گا ۔ایسا ہوا نہیں ۔چوہدری نثار اپنے بل پر الیکشن لڑے ضمانت بھی ضبط کرا بیٹھے۔پنجاب کے تمام سیاسی خاندان یہ بنیادی بات سمجھتے ہیں زاتی ووٹ بینک کے ساتھ کسی "پارٹی”کا ووٹ بینک بھی ضروری ہے۔

چوہدری نثار نواز شریف سے بے وفائی کے بعد تحریک انصاف کی کشتی میں سوار ہو جاتے کم از کم ضمانت ضبط نہ ہوتی ۔بھلے ہرا دئے جاتے یا ہار جاتے سیاسی یتیم نہ بنتے.

وزیراعظم چوہدری نثار کے گھر چلے گئے سیاسی وضع داری ہے ۔کل چوہدری نثار کے بیٹے چوہدری تیمور کو سیاست کیلئے مسلم لیگ ن کا پلیٹ فارم مل جائے گا یہ شریف خاندان کا ایک اور احسان ہے.

چوہدری نثار کو پتہ چل گیا ہے جنرل باجوہ اور جنرل فیض کا ن لیگ ختم کرنے کا پروگرام وڑ گیا ہے ۔مریم نواز کی وزارت اعلی کا مطلب ن لیگ کی سیاست جاری رہنے کی علامت ہے.

چوہدری نثار نے اپنے بیٹے کو زمان پارک بھی بھیجا تھا ۔چوہدری نثار نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات بھی کی تھی لیکن یہ بیل منڈھے نہ چڑھ سکی۔

سیاست خود غرضی کا نام ہے ۔اس میں دل نہیں صرف دماغ ہوتا ہے ۔چوہدری نثار نے دیکھ لیا ہے اپنی سیاسی وراثت قائم رکھنا ہے تو ن لیگ کے در پر سر جھکانا ہی آپشن ہے ۔شریف خاندان کی اعلی ظرفی ہے انہوں نے چوہدری نثار کو جاتی امرا یا وزیراعظم ہاؤس بلانے کی بجائے شہباز شریف کو ان کے گھر بھیج دیا۔

چوہدری تیمور کو مریم نواز کی قیادت میں اپنے خاندان کی سیاست زندہ رکھنے کا موقع ملے گا جس طرح چوہدری نثار کو نواز شریف کی قیادت میں "بڑا سیاستدان”بننے کا موقع ملا ایک دفعہ تو ڈپٹی وزیراعظم بھی بن گئے۔

یہ پاکستان کی سیاست ہے ۔یہاں بس سیاست ہوتی ہے اور کچھ نہیں ۔چوہدری نثار نے بے وفائی کا بھاری پتھر اٹھایا تھا ۔دو انتخابات میں ووٹروں کا حسن سلوک دیکھا تو یہ بھاری پتھر چوم کر واپس رکھ دیا۔
چوہدری نثار نے اب چوہدری تیمور کی سیاست کا پتھر اٹھایا ہے ۔یہ پتھر بھاری نہیں ۔اسے چوم کر واپس رکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بشرطیکہ!

وفاداری بشرط استواری اصل ایماں ہے
مرے بت خانہ میں راہب تو گاڑو اس کو کعبہ میں

چوہدری نثار کی بڑی غلطی

Comments are closed.