پٹرول بحران، معاون خصوصی ندیم بابر اور سیکرٹری پٹرولیم کو ہٹا دیا گیا


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے پٹرول بحران پر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن ندیم بابر کو عہدے سے استعفیٰ دینے کی ہدایت کر دی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے پریس کانفرنس میں ان کو استعفیٰ دینے سے متعلق وزیراعظم کی ہدایت سے آگاہ کیا ان کہنا تھا دیکھنا ہے کیا پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی گئی اور کس نے کی، یہ بھی دیکھنا ہے۔

اسد عمرنے بتایا وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن ندیم بابر کو عہدے سے استعفیٰ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے وزارت پیٹرولیم کو تمام انتظامی فیصلے کر کے رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے اندر ابہام پیدا ہوا کہ اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن کی کیا ذمہ داری ہے، پیٹرولیم ڈویژن اوگرا پر ذمہ داری ڈالتا تھا، حکومت اس ابہام کو ختم کرنا چاہتی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا ملک میں معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے بہت ہی کم سزائیں ہیں، یہ کمزوریاں ہوئیں، ثبوت کے ساتھ کورٹ کے اندرکیسز کیے جا سکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جو مافیا عوام کا پیسہ نکال رہا ہے وزیراعظم ان کو بالکل نہیں جانے دیں گے، وزیراعظم کی طرف سے مافیا کو پیغام ہے کہ ان کا وقت ختم ہوگیا ہے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیٹرولیم بحران کے معاملے پر سیکرٹری پیٹرولیم کو بھی عہدہ چھوڑنیکی ہدایت کی گئی ہے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پٹرولیم کے معاملے پر انکوائری ہونے لگی ہے اور ندیم بابر اور سیکرٹری پٹرولیم انکوائری پر اثر انداز نہ ہوں اس لیے دونوں کو عہدہ چھوڑنیکا کہا گیا ہے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔

Comments are closed.