وزیراعظم کو براڈ شیٹ پر بریفنگ ، مزید تحقیقات کیلئے 3رکنی کمیٹی قائم


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان کے صدارت میں حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ہوا ہے جس میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے براڈ شیٹ کیس پر بریفنگ دی جب کہ وزیراعظم نے براڈ شیٹ معاملے پر 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

وزیراعظم نے شرکا کو ہدایت کی کہ براڈ شیٹ کے معاملے کو تفصیلی طور پر عوام کے سامنے رکھیں اور اس میں موجود حقائق کو منظر عام پر لایا جائے۔ براڈ شیٹ کمپنی تو 20 سال پہلے کے اثاثوں کی تحقیقات کر رہی تھی۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال دور کا حساب تو ابھی ہونا ہے، ایک بار پھر اپنا عزم دہرایا کہ ملکی دولت لوٹ کر باہر لے جانے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ ہماری جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کسی مافیا نے سپانسر نہیں کیا، مافیا نے پیسہ لگایا ہوتا تو ہم ان کے سامنے جھک جاتے لیکن ہم اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔

وزیراعظم نے براڈ شیٹ معاملے پر 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی میں شبلی فراز، فواد چودھری اور شیری مزاری شامل ہیں، وزیر داخلہ نے اجلاس کو بتایا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپوزیشن کو احتجاج کی اجازت دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ کا معاملہ اٹھایا جانا خوش آئند ہے۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو عوام کی فنڈنگ سے وجود میں آئی ہے۔

وزیراعظم کی طرف سے تین رکنی کمیٹی بنانے کی وفاقی وزیر شبلی فراز نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کی ہے ، انہوں نے بتایا کہ مجھے کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جبکہ شیریں مزاری اور فواد چودھری کمیٹی میں شامل ہونگے۔

انھوں نے بتایا کہ کمیٹی کابینہ کو 48 گھنٹوں میں براڈ شیٹ معاملے پر سفارشات پیش کرے گی۔ اس معاملے میں فائدہ دینے والے اور فائدہ اٹھانے والے تمام لوگوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

Comments are closed.