موٹروے زیادتی کیس، خاتون نے عابد اور شفقت کی شناخت کرلی

لاہور(ویب ڈیسک)ہ موٹروے زیادتی کیس کی متاثرہ خاتون نے دو ملزمان عابد اور شفقت کو شناخت کرلیا ہے ،صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ملزمان کی شناخت ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وقار الحسن کی گرفتاری سے ہی ملزم شفقت تک پہنچنا ممکن ہوا اور وقار الحسن کو مقامی لوگوں نے پولیس کے حوالے کیا، وقار نے سب کچھ بتایا کہ کون کون ملزم ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وقار الحسن اگرچہ اسی گینگ کا حصہ ہے لیکن اس واردات کے موقع پر وہ موجود نہیں تھا اگر موجود ہوتا تو یقینا متاثرہ خاتون اسے بھی پہچان لیتی۔

انھوں نے ایک اور کیس کاذکرکرتے ہوئے بتایا کہ ایک بچی کو ہراساں کرنے کی خبر سے متعلق وزیر اعظم کو آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے ملزم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا، بچی کے اہلخانہ نے ملزم کے خلاف سائبر کرائم کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

وزیراطلاعات نے کہا 3 دن پہلے سوشل میڈیا پر بچی کو ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، بچی کو ہراساں کرنے والے لڑکے کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا جب کہ اس کے والد کو بھی پکڑ لیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام الناس کو تحفظ فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اگرکوئی کسی بچے، بچی یا خاتون کو ہراساں کرے تو فوری رابطہ کریں، اگرکسی نے خاتون اور بچوں کوبلیک میل کیا توقانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی سی پی او لاہور نے اپنی گفتگو پرقوم سے معافی مانگی، شہبازشریف نے پارلیمنٹ میں غیر ذمہ دارانہ تقریر کی جس پر انہیں قوم سے معافی مانگنی پڑی۔

انھوں نے کہا کہ پولیس موٹروے زیادتی کیس کے حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے اگر ملزمان کا کوئی اور ساتھی یاسہولت کار ہوا تو اس تک بھی پولیس ضرور پہنچے گی

Comments are closed.