مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے ہاتھو ں مزید4نوجوان شہید


سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے جس کے بعد 8 روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 12 ہوچکی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 4 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

سری نگر، شوپیاں، بڈگام، اور اننت ناگ میں کیے گئے آپریشن میں 10 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جاچکا ہے ، جب کہ تشدد سے بڑی تعداد میں نوجوان شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت کو مقابلہ ظاہر کرنے کی کوشش کی اور لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔

علاقہ مکینوں نے شہداء کے اہل خانہ کے ہمراہ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہر کیا اور آزادی جدوجہد کشمیر کے حق میں نعرے لگائے، قابض بھارتی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کرکے 10 مظاہرین کو زخمی کردیا۔

ادھرشوپیاں اور سری نگر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی گاڑی پر دو الگ واقعات میں ہیڈگرنیڈ سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 3 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

Comments are closed.