شعیب اختر کا سامنا کیا تو وقار اور وسیم میڈیم پیسرز لگنے لگے

اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ باؤلر کرٹلی امبروز کہتے ہیں جب 1997میں اچانک شعیب اختر کا سامنا کیا تو تب وقار یونس اور وسیم اکرم میڈیم پیسرز لگنے لگے تھے۔

اپنے وقت کے شہرہ آفاق دراز قد ویسٹ انڈین فاسٹ باورکرٹلی امبروز نے انکشاف کیا کہ جب 1997ء میں دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے شعیب اختر کا پہلی مرتبہ سامنا کیا تو حیران رہ گئے۔

ایک یوٹیوب چینل پر دی کرٹلی اینڈ کرشمہ شو میں 57 سالہ سر کرٹلی امبروز نے1997ء میں جب ہم پاکستان آئے تو ہم وقار یونس اور وسیم اکرم کا سامنا کرنے کے عادی ہوچکے تھے تاہم اس سے پہلے ہم نے کبھی شعیب اختر کو نہیں دیکھا تھا۔

ہم نے سوچا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس بہترین کھلاڑی ہیں ، اگر ہم ان کی نئی گیند کا سامنا کرسکتے ہیں تو شعیب اختر کو کھیلنا تو مشکل نہیں ہونا چائیے، شعیب اختر پہلی چینج پر باؤلنگ کرنے آئے اور ہم یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے کہ یہ کیا ہورہا ہے؟

انھوں نے کہا کہ شعیب کو کھیلنے کے بعد وسیم اور وقار ہمیں میڈیم فاسٹ باؤلر لگنے لگے، ہم واقعی حیران تھے کیوں کہ شعیب اختر اتنی تیز باؤلنگ کررہا تھا،پاکستان نے کچھ حیرت انگیز کرکٹر تیار کیے ہیں۔

امبروز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے چند لاجواب کرکٹرز تیار کیے ہیں جن کا ان کے ہوم گراؤنڈز پر سامنا کرنا آسان نہیں ہے۔ عمران خان جو اب وزیراعظم ہیں ، اس وقت کپتان تھے اور وہ ایک حیرت انگیز کرکٹر تھے۔

انھوں نے کہا کہ ان کے پاس جاوید میانداد ، وسیم اکرم اور وقار یونس تھے، اس وقت کی پاکستانی ٹیم لاجواب تھی جسے اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہرانا انتہائی مشکل تھا ۔

Comments are closed.