سینیٹ الیکشن میں کامیاب ہونگے، اپنی ٹیم پر اعتماد ہے، وزیراعظم

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقاق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پیسے کی لالچ کے باوجود ہم سینیٹ الیکشن میں کامیابی کیلئے پر امید ہیں۔

وزیراعظم سے وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے ملاقات کی ہے اس دوران سپریم کورٹ کی رائے سامنے آنے بعد سینیٹ انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا اور دونوں رہنماوں نے مختلف صورتحال کا جائزہ لیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے، ہمارے ارکان سے رابطے ہو رہے ہیں مگر ہم متحد ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ اپوزیشن سینیٹ الیکشن جیتنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہی ہے، اسی لیے شفاف انتخابات کیلئے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا تاہم ہم خفیہ ووٹنگ سے بھی خوفزدہ نہیں ہیں مجھے اپنی ٹیم پر اعتماد ہے۔

ملاقات کے دوران حفیظ شیخ نے وزیراعظم کوحکومتی و اتحادی ارکان سے ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس امید کااظہار کیا کہ انشاء اللہ ہماری حمایت میں مزید اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیراعظم نے پنجاب کے ارکان سے گفتگو میں کہاکہ عوامی نمائندوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل حل کریں گے، پہلی بار پسماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دیئے جا رہے ہیں، ہماری حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پسماندہ علاقے ہیں۔

واضح رہے سینیٹ الیکشن میں پنجاب کا فیصلہ ہو جانے کے بعد تمام تر نظریں اسلام آباد میں حفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کے مقابلے پر مرکوز ہیں اپوزیشن اخلاقی اور سیاسی برتری ثابت کرنے کیلئے گیلانی کی جیت کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے۔

Comments are closed.