حج و عمرہ اداروں کیلئے شاہ سلمان کا مراعات پیکیج منظور

فوٹو: واس فائل


الریاض ( زمینی حقائق ڈاٹ کام )سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وبا کی وجہ سے حج و عمرہ سیکٹر کے متاثرہ افراد اور اداروں کے لیے مراعات پیکج کی منظوری دی ہے۔

اس حوالے سے سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ ان اقدامات میں متعدد شعبوں میں حجاج اور معتمرین کو سروسز فراہم کرنے والے اداروں اور افراد کو سالانہ فیسز اور ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کے اقدامات شامل ہیں۔

بتایا گیاہے کہ یہ سہولیات حج و عمرہ سروسز سے متعلق ان اداروں کو فراہم کی جا رہی ہیں جو کرونا وبا کی وجہ سے معاشی طور پر زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور یہ پیکیج کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد کو معاشی سہولیات دینے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔

حج و عمرہ اداروں کو جو مراعات دی گئی ہیں ان میں مکہ اور مدینہ میں زائرین کی رہائش پر لی جانے والی بلدیہ کی فیس سے ایک سال کے لیے استثنی دیا گیا اورحج اور کمپنیوں میں کام کرنے والے تارکین کی فیس المقابل المالی میں 6 ماہ کی چھوٹ دی گئی ہے۔

مراعاتی پیکیج کے تحت سعودی عرب کی وزارت سیاحت کے لیے ایک سال کی مدت تک مکہ اور مدینہ شہروں میں رہائش کی سہولیات کے لیے کسی فیس کے بغیر لائسنسوں کی تجدید کی جائے گی۔ اس مدت میں توسیع کی بھی جا سکتی ہے۔

حج اور عمرہ اداروں سے وابستہ غیر ملکیوں کی اقامہ فیس 6 ماہ تک موخر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ایک سال تک قسطوں میں فیس ادا کرنے کی سہولت دی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ حج و عمرہ اداروں کی بسوں کے پرمٹ میں ایک سال کی مفت توسیع کی جائیگی۔

حج سیزن 1442ھ کے موقعے پر سروسز فراہم کرنے والی نئی بسوں کی کسٹم ڈیوٹی تین ماہ کے لیے موخر کرنے کے ساتھ ان کی چار ماہ تک قسطوں میں ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے منفی اثرات کا شکار ہونے والے اداروں کی بحالی کے لیے 150 سے زائد مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے لیے ایک کھرب 80 ارب ریال کی رقم مختص کی گئی۔

Comments are closed.