ترک صدر طیب اردوان 2 روزہ دورہ مکمل کرکے واپس روانہ

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام ) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

ترک صدر طیب اردوان اور خاتون اول ایک بڑے وفد کے ہمراہ 13 فروری جمعرات کی سہ پہر پاکستان پہنچے تھے وزیراعظم عمران خان نے نور خان ائیر بیس پر ان کا استقبال کیاتھا ان کی گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے انھیں وزیراعظم ہاؤس لائے تھے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کو گارڈ آف آنر اور ایوان صدر میں عشائیہ دیا گیا۔ 14 فروری کو ترک صدر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

ترک صدر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں پاکستان سے والہہانہ محبت کا اظہار کیا تو مسئلہ کشمیر پر بھی پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ دورے کے دوران 13 مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔

ترک کابینہ کے ارکان اور سرمایہ کاروں کا بڑا وفد بھی پاکستان کے دورے میں طیب اردوان کے ہمراہ تھا۔ دنوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری پر اتفاق کیا گیا۔

ترکی کےصدر نے نماز جمعہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ادا کی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک پہچانے کا عزم کیا.

اس دوران وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جبکہ دونوں سربراہان نے پاکستان ترکی اعلیٰ سطح سٹریٹیجک تعاون کونسل کی مشترکہ صدارت کی۔

ترک صدر اور عمران خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ دورے کے آخر میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ترک صدر کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا جس کے بعد رجب طیب اردوان اپنی اہلیہ اور وفد کے ہمراہ وطن واپس روانہ ہو گئے۔

Comments are closed.