چوتھا ٹی 20،پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دیدی

51 / 100

فائل: فوٹو

کراچی: چوتھا ٹی 20،پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دیدی، تقریباً ہارا ہوا میچ حارث روف کے آخری اوور میں پاکستان کے ہاتھ آگیا. 

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے چوتھے ٹی 20 میچ میں ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

167 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم فل سالٹ 8 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر محمد وسیم جونیئر کو باؤنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے، الیکس ہیلز بھی لمبی باری نہ کھیل سکے اور صرف 5 سکور بناکر محمد حسنین کی گیند پر عثمان قادر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ول جیکس تھے جو کہ صفر پر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، بین ڈکٹ نے 33 رنز بنائے اور محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

کپتان معین علی نے 1 چھکے اور 3 چوکے مار کر 20 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نواز کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، ہیری بروک نے 34 رنز بنائے اور وسیم جونیئر کی گیند پر محمد حسنین کو ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوڈ ویلے نے 2 چوکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 11 رنز بنائے مگر وہ حارث رؤف کے یارکر کو نہ کھیل پائے اور کلین بولڈ ہوگئے۔

اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، وکٹ کیپر بیٹر نے 7 چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر اپنے کیریئر کی 19ویں نصف سنچری مکمل کی۔

کپتان بابر اعظم 3 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر لیام ڈاسن کی گیند پر بین ڈکٹ کو کیچ دے بیٹھے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر شان مسعود تھے جو کہ 1 چوکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 21 سکور بناکر ڈیوڈ ویلے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

خوشدل شاہ ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 2 رنز بناکر ٹاپلی کی گیند پر معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رضوان بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 88 رنز بناکر ٹاپلی کی ہی گیند پر الیکس ہیلز کو کیچ دے بیٹھے، آصف علی 13 اور محمد نواز 1 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ریسی ٹاپلی نے 2، لیام ڈاسن اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس طرح قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

Comments are closed.