اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ معطل، احتساب عدالت کا پاکستان آنے پر گرفتار نہ کرنے کا حکم

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ معطل کردئیے، عدالت نے پاکستان آنے پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

ن لیگ کے رہنماء اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر دلائل کا آغاز کیا۔جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار بیمار تھے یا کوئی اور مسئلہ تھا؟۔
وکیل نے عدالت کو مسلم کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی وجوہات سے آگاہ کیا اور استدعا کی کہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔ وکیل نے عدالت کو یقین دلایا کہ اسحاق ڈار ائرپورٹ پر اترتے ہی سیدھے عدالت پیش ہو جائیں گے۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ پراسیکیوٹر کہاں ہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو جواب بتایا کہ افضل قریشی عمرہ کی ادائی کے لیے گئے ہوئے ہیں۔
بعد ازاں مختصر وقفے کے بعد احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ 7 اکتوبر تک معطل کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

عدالت نے اسحاق ڈار کو سرینڈر کرنے کا موقع دیتے ہوئے حکم دیا کہ اسحاق ڈار کو پاکستان آنے پر گرفتار نہ کیا جائے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اسحاق ڈار پاکستان واپس آ جائیں پھر وارنٹ منسوخی کو دیکھیں گے۔

Comments are closed.