اسلام آباد: ہائی کورٹ ، مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر شہباز گل کو نوٹس جاری

45 / 100

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو نوٹس جاری کردیا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کیے جانے کے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کی جب کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون اور کیس کے تفتیشی افسر بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل نے ٹی وی چینل پر ایک بیان دیا۔ جس کا حکومت نے سنجیدہ نوٹس لیا اور مقدمہ درج کیا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ شہباز گل کے بیان میں ملک کے اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا، جن اداروں کے خلاف بیان دیا گیا انہوں نے اس ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ عدالت کے کیس کی تفصیلات سے متعلق استفسار کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے ماتحت عدالت کے فیصلوں سے متعلق بتایا۔

وکلا کی بحث کے دوران عدالت نے کہا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ ملزم کا مزید فزیکل ریمانڈ ضروری ہے ؟ آپ نے مزید فزیکل ریمانڈ میں کیا کرنا ہے ؟ عدالت کے استفسار پر وکیل رضوان عباسی نے مزید فزیکل ریمانڈ سے متعلق مختلف عدالتوں کے فیصلوں کے حوالے دئیے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے لیپ ٹاپ ، مختلف ڈیوائسز ابھی نہیں ملیں، وہ ریکور کرنی ہیں۔ عدالت نے شہباز گل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔

Comments are closed.