وزیراعظم کا سینٹرل جیل کا دورہ ، قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کمی کا اعلان

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیرِاعظم شہباز شریف کا سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور کا دورہ۔ قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کمی کااعلان کیا،جیلوں میں قیدیوں کی سہولیات کےلئے رانا ثنااللہ کی سربراہمی میں کمیٹی بنا دی.

وزیراعظم شہباز شریف نے جیل کے دورے کے دوران کہا کہ جو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہرممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کوٹ لکھپت جیل حکام کو خصوصی تاکید کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب ذرائع کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے تاکہ قیدیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے.

وزیراعظم نے قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی تاکید کی،وزیراعظم نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو موثر طور پر استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہم چاہتے ہیں قیدی اپنی سزا کا دورانیہ مثبت انداز میں پورا کر سکیں اور اپنے آپ کو سزا کے بعد معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے تیار کرسکیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے گی، کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران شامل ہوں گے۔

0Shares

Comments are closed.