تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لئے گئے

فوٹو: فائل

اسلام آباد ( زمینی حقائق ڈاٹ کام )تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لئے گئے، قائم مقام اسپیکر نے تصدیق کردی جس کے بعد پی ٹی آئی کے 123ارکان اب رکن اسمبلی نہیں رہے ان میں سابق وزیراعظم عمران خان بھی شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا ہے کہ میں نے بطور قائم مقام اسپیکر پی ٹی آئی کے123اراکین کے استعفے رولز کے مطابق منظور کرلئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے ٹوئٹر پر بیان میں استعفے منظور کرنے کی تصدیق کی ہے ، اب کچھ منحرف ارکان باقی ہیں جن کے استعفے دینا باقی ہے ۔

سابق وزیر اطلاعات فرخ حبیب نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، استعفوں کی منظوری سے عام انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

http://

انہوں نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ انہیں 125 پی ٹی آئی ارکان کے استعفے موصول ہوئے تھے جن میں سے این اے12 کے محمد نواز اور این اے-47 کے جواد حسین کے علاوہ سب نے خود یہ استعفے جمع کرائے۔

اس سے قبل گزشتہ پیر کو پارلیمنٹ میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے پیشگوئی کی ہے کہ اگر عوام کا ساتھ ایسا ہی رہا تو آج سے چند ہفتوں بعد عمران خان وزیر اعظم پاکستان کا دوبارہ حلف اٹھائیں گے۔

قومی اسمبلی میں اب پی ٹی آئی کے منحرف ارکان موجود ہیں تاہم توقع کی جارہی ہے کہ پارٹی قیادت کے ریفرنس الیکشن کمیشن میں جائزہ کے بعد ان کو بھی ڈی سیٹ کردیا جائے گا کیونکہ وہ متعین قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

Comments are closed.