جناب وزیراعظم آپ نے ارد گر دغیر منتخب لوگ بٹھا رکھے ہیں، پرویز خٹک

53 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر اعظم کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں خاصی گرما گرمی رہی ، خاص کر وزیر دفاع بہت مشتعل نظر آئے، گیس پر مناسب جواب نہ ملنے پر کہا ، جناب وزیراعظم آپ نے ارد گر دغیر منتخب لوگ بٹھا رکھے ہیں، پرویز خٹک کااحتجاج۔

پرویز خٹک نے کہا وزیر اعظم صاحب آپ کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر کچھ بات کرنا چاہتا ہوں، ہمارے ارکان کو گیس کے معاملے پر شدید تحفظات ہیں، گیس کی جو اسکیمیں شروع ہوئیں وہ کب مکمل ہوں گی؟

ذرائع کے مطابق جب پرویز خٹک نے وزیراعظم کو ارد گرد غیر منتخب لوگوں کو بٹھانے کی بات کی تو وزیراعظم عمران خان نے کہامیرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے میں ملک کی جنگ لڑ رہاہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے کوئی کارخانے نہیں ہیں میری تمام کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہیں آپ کو اس قسم کی بات نہیں کرنی چایئے جس سے ماحول خراب ہو۔

پرویز خٹک جواب میں اٹھے اور باہر چلے گئے لیکن اس دوران انھیں مراد سعید منا کر واپس لے آئے انھوں نے آتے ہی وضاحت کی کہ میں احتجاجاً نہیں گیا بلکہ سگریٹ پینے کیلئے باہر گیا تھا۔

ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم سے مکالمہ سے قبل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پرویز خٹک حماد اظہر کی کارکردگی سے مطمئن نظر نہیں آئے حماد اظہر سے کہا کہ گیس کب ملے گی؟حماد اظہر سنیں تو سہی وہی بتا رہاہوں۔

اجلاس میں فاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان تلخ کلامی ہو ئی ، حماد اظہر نے گیس فراہمی پر پرانی باتیں شروع کیں تو پرویز خٹک نے انھیں پھر ٹوکا اور کہا کہ کہانیاں نہ سنائیں۔

اجلاس میں ملک میں گیس کی قلت اور لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے حماد اظہر اور پرویز خٹک میں تلخ کلامی کے دوران کئی ارکان پرویز خٹک کے حامی نظر آئے اور وہ بھی گیس قلت پر پرویز خٹک کے موقف کے حمایت کرتے رہے۔

ذرائع کے مطابق ایک موقع پر پرویز خٹک نے حماد اظہر کے ساتھ شوکت ترین پربھی سخت تنقید کی، انھوں نے کہا حماد اظہر کو گیس اور بجلی کے مسائل کا علم ہی نہیں ہے، اور شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کر سکے۔

Comments are closed.