فراش ٹاون ویلفیئر سوسائٹی کا قیام، اجلاس میں تجاویز پیش کی گیئں

50 / 100

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی دارالحکومت کے ماڈل ویلج میں مسائل کے حل کیلئے فراش ٹاون ویلفیئرسوسائٹی قائم کردی گئی، اس غیر سیاسی پلیٹ فارم میں تمام سیاسی جماعتوں کے حمایتی افراد شامل ہیں۔

فراش ٹاون فیز ٹو میں ہونے والے پہلے اجلاس کی صدارت سرپرست اعلٰی سردار اورنگزیب نے کی ،تنظیم کے چیئر مین تنویر کاظمی اور صدر چوہدری عارف سمیت دیگر عہدیداروں اور ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیم میں تمام سیاسی جماعتوں کے حامیوں کی موجودگی کے باوجود یہ پلیٹ فارم غیر سیاسی ہوگا جو کہ فراش ٹاون کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

فراش ٹاون ویلفیئر سوسائٹی اس بستی میں سی ڈی اے سے متعلق مسائل کے حل کی کوشش کرے گی، تنازعات کو خوش اسلوبی سے حل اور فلاح و بہبود کے کاموں کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیاجائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ فراش ٹاون میں قبرستان کے مسلہ، گندگی ، گلیوں کی پختگی، گیس و بجلی کے مسائل کے حل سمیت دیگر چھوٹی سطح کے امور انجام دیئے جائیں گے۔

اس موقع پر اجلاس میں فیصلے ہونے کے فوری بعدقبروں کیلئے بلاکس ، سلیبز ، کفن اور دیگر انتظام کیلئے تنویر کاظمی ، محمد اقبال بٹ ، اکرم خان اور تبریز اعوان نے ابتدائی اخراجات کی رقم جمع کرائی جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک قبر کاسامان تیار رکھاجائے گا۔

فراش ٹاون کی گلیوں،گرین ایریاز اور سڑکوں کے کنارے سے کوڑاکرکٹ ہٹانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ، تنظیم لوگوں کو آگاہی کیلئے پمفلٹ بنا کر گھر گھر تقسیم کرے گی جس میں لوگوں سے اپنی بستی کو صاف ستھرا رکھنے پر آماد ہ کریں گے۔

فراش ویلفیئر سوسائٹی کا دفتر بھی قائم کردیا گیاہے جس کاآئندہ چند روز میں باضابطہ افتتاح ہو گا جب کہ تنظیم کی رجسٹریشن کرائی جائے گی تاکہ خدمت کا یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے۔

اجلاس میں جہانزیب عاصی،راجہ عبد الحمید،محمد فیصل،اویس خان،محبوب الرحمان تنولی، ارشد خان،یونس خان اور دیگر ارکان نے شرکت کی ، اجلاس کے شرکاء نے خیالات کااظہار کیا اور تجاویز بھی پیش کیں۔

سوسائٹی کے ارکان نے باہمی رابطے استوار رکھنے اور خاص کر ایک دوسرے کی غمی خوشی میں شرکت یقینی بنانے پر زور دیا، ان کا موقف تھا کہ جب آپس میں رابطے بحال رہیں گے تو ورکنگ ریلشن شپ بھی بنتی چلی جائے گی۔

Comments are closed.