بابر اعظم اور محمد رضوان ٹک ٹک چھوڑیں، سٹرائیک ریٹ بڑھائیں، انضمام

47 / 100

اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے مشورہ دیاہے کہ کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ٹک ٹک کی بجائے اپنے سٹرائیک ریٹ کو بہتر بنا ئیں۔

انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ بابر اور رضوان گذشتہ 2 برس سے اچھا کھیل رہے ہیں مگر میں بدستور محسوس کرتا ہوں کہ انھیں اپنا سٹرائیک ریٹ بہتر بنانا چاہیے کیونکہ جب اسٹرائیک ریٹ شروع سے بہتر نہ ہو تو ہر دفعہ پیچھے سے آنے والے بہتر نہیں بنا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ان دونوں کھلاڑیوں پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، اگر یہ دونوں پلیئرز اچھے سٹرائیک ریٹ سے رنز نہیں بنائیں گے تو باقی ٹیم کیلئے صورتحال کافی دشوار ہوجائے گی۔

انضمام الحق نے کہا کہ انھیں اچھی ٹیموں کے خلاف ابتدائی 6 اوورز کا ایڈوانٹیج حاصل کرنا چاہیے،بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف وارم اپ میچ میں 41 گیندوں پر 50 رنز بنائے جبکہ رضوان نے 17 گیندوں پر 13 رنز سکور کیے ۔

انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان نے 4 اوورز پہلے ہی ہدف کا کامیاب تعاقب مکمل کیا لیکن اس کی بڑی وجہ فخر زمان کے 24 گیندوں پر 46 رنز تھے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی یہی ڈیمانڈ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب بیٹرز شروع سے ہی اٹیک کرنا شروع کرتے ہیں اور ایسا کرنے سے پیچھے آنے والوں پر دباو نہیں ہوتا وہ بھی کھل کر کھیل سکتے ہیں۔

Comments are closed.