بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کے نتائج خطے کیلئے اچھے نہیں ہونگے، پاکستان

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی میڈیا کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں موجود ہے تو پھر یہ کیسے ممکن ہے؟

زاہد حفیظ چوہدری نے الزام کےردعمل میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، فروری2007 میں سمجھوتہ ایکسپریس سانحے اور جون 2021 میں لاہور دھماکے میں بھارت کا ہاتھ تھا

مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ فوج کی موجودگی والا علاقہ ہے جہاں بھارت نے تہہ در تہہ خار دار باڑ، سکیورٹی نظام اور نگرانی کے جدید ترین آلات نصب کر رکھے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت ہمیشہ کچھ وقت کے بعد ایسے الزامات دہراتا رہتا ہے، اور دنیا جانتی ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف بغض پر مبنی کردار کشی کی مہم چلاتا رہتا ہے.

انھوں نے کہا کہ بھارتی مکروہ عزائم یورپی ڈس انفولیب پکڑے جانے سے پوری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں بھارت کو پاکستان نے بار بار بے نقاب کیا۔

2020 میں ریاستی دہشت گردی اور سرپرستی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت دے چکے ہیں اور دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا چکے ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال فروری میں پاکستان نے 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کے لیے بھارت پر زور دیا تھا، جنگ بندی کے لیے بھارت پر زور دینے کا مقصد امن و سلامتی اور کشمیریوں کی جانیں بچانا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ بندی معاہدے سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے، فالس فلیگ آپریشن کی نیت سے بھارت خودساختہ جھوٹ گھڑنے سے باز رہے، غیر ذمہ دارانہ بھارتی رویے کے نتائج خطے کی امن و سلامتی کے لیے اچھے نہیں ہوں گے۔

Comments are closed.