اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ، الیکشن عالمی ایجنسیوں کیلئے نہیں کھول سکتے


اسلام آباد( ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے موقف پر ڈٹ گئی ، احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن کو عالمی ایجنسیوں کیلئے نہیں کھول سکتے ۔

نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اپنے الیکشن کو عالمی ایجنسیوں کیلئے نہیں کھول سکتے کہ جب دل چاہے الیکشن ہیک کرلیں۔

اگر ووٹنگ مشینوں میں سرکٹ تبدیل کردیا یا کوئی وائرس ڈال دیا تو کون ذمہ دار ہو گا، انھوں نے وضاحت کی کہ ہم ووٹ دینے کے حق کے حامی ہیں لیکن ہمارے تحفظات ہیں ۔

احسن اقبال نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق اپنے بیان کے حوالے سے یہ وضاحت کی کہ را اور موساد جیسی دشمن ممالک کی ایجنسیاں ہمارا الیکشن ہیک کر سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ حکومت خود الیکشن ہیک کروا لے۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر کام کرے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت کی اسمبلی میں اکثریت ہو تو وہ اپوزیشن سے بات چیت کئے بغیر ہی کوئی بھی بل منظور کروا لے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انتخابات کا آن لائن نظام متعارف کروا کر دھاندلی کرنا چاہتی ہے، خدشہ موجود ہے کہ حکومت خود ہی الیکشن چرانے کا راستہ بنا لے ۔

واضح رہے کہ اپنے ایک گزشتہ بیان میں احسن اقبال نے کہا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملکی سیاست کا کچھ پتا نہیں، اس سے بیرونی مداخلت کے دروازے کھل جائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے وفاقی وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری وکیل ہیں، ہمیں ٹیکنالوجی نہ پڑھائیں۔

Comments are closed.