پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج کھیلا جائیگا


کراچی ( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا، پاکستان کی حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے قبل ہو گا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم آج قیادت کے ساتھ اپنے کیئریر کا آغاز کررہے ہیں دورہ نیوزی لینڈ میں ان فٹ ہو جانے کے باعث وہ ڈیبیو نہیں کر پائے تھے اور ان کی جگہ دو ٹسٹ میچز میں شکست کا بوجھ محمد رضوان کو اٹھانا پڑا تھا۔

آج کی ٹیم میں اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان کی شرکت یقینی ہے جب کہ سرفراز احمد سے متعلق خدشہ ہے کہ وہ پہلا ٹیسٹ ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھیں گے اور محمد رضوان کی خراب کارکردگی کاانتظار کرنا ہوگا۔

آج کے میچ کے حوالے سے گزشتہ روز کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے مکمل تیار ہیں، پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دیدی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے بھرپور پلان بنایا ہے اس پر مکمل عمل کریں گے، پاکستان ٹیم کا دارومدار صرف میرے اوپرنہیں، دیگر کھلاڑیوں کا بھی کردار ہوتا ہے، اظہر علی، محمد رضوان اور فواد عالم بہترین بیٹسمین ہیں، امید ہے اچھا پرفارم کرینگے۔

براعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ تاریخی نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، کھلاڑیوں کے انتخاب میں ہیڈ کوچ سے مشاورت کی ہے تاہم ٹیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ میرا ہی ہوگا۔

بابراعظم نے کہا کہ کراچی میں روایتی وکٹ کا سامنا ہوگا، نیشنل اسٹیڈیم کی وکٹ روایتی طور پر سلو ہے، وکٹ کو دیکھ کر پلان تیار کیا ہے، ٹاس جیتنے کی صورت میں ہی فیصلہ کریں گے کہ پہلے بیٹنگ کریں یا فیلڈنگ کو ترجیح دیں۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھا کر آنے والے کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کے مواقع ہیں،نئے کھلاڑی اگر ٹیم میں نہیں آتے تو ان کی کرکٹ ختم نہیں ہوگی۔ نوجوان کھلاڑیوں نے بہت متاثر کیا۔

انھوں نے کہا کہ تماشائیوں کے بغیر کھیلنے کا مزا نہیں آتا، ہم تماشائیوں کو مِس کرتے ہیں۔ تماشائی بھی گراؤنڈ میں آنے کے خواہاں ہیں۔کرکٹ کے مداح گھروں پربیٹھ کر کر ہمیں بہتر مشورہ دیتے ہیں۔

بطور کپتان پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے پر بہت خوش ہوں،مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے، کوچ کی معاونت کے بغیر ٹیم نہیں بنائی جا سکتی،اچھا کھیلیں گے تو جیتیں گے، خراب کیا تو ہاریں گے۔

Comments are closed.