ایل او سی پر فائرنگ، 2 جوان شہید، جوابی کارروائی، 3بھارتی فوجی ہلاک

فوٹو : آئی ایس پی آر

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے 3 بھارتی فوجی مارے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے حاجی پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے جس کا بھرپور جواب دیا گیا، بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں بڑھتی جا رہی ہیں،

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے حاجی پیر سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چیک پوسٹ تباہ ہو گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی ٹویٹ کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے، مارے جانے والے بھارتی فوجیوں میں ایک صوبیدار بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے دیوا سیکٹر پر پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوئے ہیں، شہید ہونے والے جوانوں میں نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی محمد احسن شامل ہیں۔

نائب صوبیدار کانڈیرو کا تعلق سکھر کی تحصیل پنوں عاقل اور محمد احسن کا تعلق جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان سے ہے۔

Comments are closed.