لاڑکانہ کے2 ٹاونز کو کراچی سے زیادہ بجٹ ملا، رقم بیرون ملک منتقل


فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)لاڑکانہ کے دو ٹاؤنز کو کراچی سے بھی زیادہ 20 ارب روپے کا بجٹ ملنے کا انکشاف ہوا ہے لیکن متعلقہ علاقوں میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے.

نیب کی منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات میں لاڑکانہ کے دو ٹاؤنز پر مشتمل چھوٹے سے علاقے کو یہ فنڈز 10 سالوں میں جاری کیے گئے۔

تعلقہ ڈوکری کی آبادی 2015 کے ریکارڈ کے مطابق محض سوا 5 لاکھ ہے،اس علاقے کو سب سے زیادہ رقم 2016 سے 2017 کے درمیان جاری کی گئی۔

نیب ذرائع کے مطابق تعلقہ ڈوکری کو کراچی سے بھی زیادہ ترقیاتی کاموں کا بجٹ دیا گیا، تعلقہ ڈوکری کو 10سالوں میں 20 ارب سے زائد کے فنڈز دیئے گئے۔

اس حوالے سے نجی ٹی وی جیو نیوز نےذرائع سے خبر دی ہے کہ تمام فنڈز ترقیاتی کاموں کے نام پر خرچ کیے گئے مگر علاقے میں کوئی کام نہیں ہوا، جاری کیے گئے اربوں روپے ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے بیرون ملک منتقل کیے گئے۔

بتانا گیا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے جن کمپنیوں کو دیئے گئے وہ صرف کاغذات میں تھیں، کمپنیوں کے نام پر جاری رقم اہم شخصیات کے اکاؤنٹس اور بعدازاں بیرون ملک منتقل کی گئیں۔

منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت نیب نے پہلی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو ارسال کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلقہ ڈوکری کے جعلی کھاتوں کا ریکارڈ اکاؤنٹ کیس کی تفتیش میں سامنے آیا تھا، اکاؤنٹ کیس میں گرفتار ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں بھی ترقیاتی کاموں کے لئے جاری رقم منتقل کی گئی۔

Comments are closed.