وزیر اعظم نے راولپنڈی میں گائنی اسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

راولپنڈی (زمینی حقائق)وزیراعظم نے راولپنڈی میں زچہ و بچہ ہسپتال اور نرسنگ ٹریننگ سینٹر کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے جس زچہ و بچہ ہسپتال کا افتتاح کیا اسکا سنگ بنیاد دو ہزار پانچ میں رکھا گیا تھا مگر گزشتہ حکومتوں کی غفلت کے باعث یہ تعطل کا شکار رہا۔

راولپنڈی میں گزشتہ چودہ سال سے یہ زچہ بچہ ہسپتال تعطل کا شکار تھا۔ ابتدائی طور پر اسکی لاگت دو ارب روپے تھی جو بڑھ کر چھ ارب روپے ہوگئی ہے

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے جسے انکی حکومت پورا کر رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی طرف سے بے انتہا قرضے لینے کے باعث آج عوام کو مشکلات کا سامنا ہے تاہم انکا کہنا تھا کہ حالات جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہسپتال کیلئے جدوجہد پر شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ہسپتال کیلئے پنجاب حکومت اور ٹاسک فورس مکمل معاونت کریگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 157 ارب روپے فراہم کئے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا راولپنڈی میں 50 ارب روپے کی لاگت سے رنگ روڈ منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔

وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں خواتین کی تعلیم کے 60 ادارے بنائے اور نالہ لئی پر 21 کلومیٹر طویل لئی ایکسپریس بنانے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شریف برادران اور زرداری کی لوٹ مار کی وجہ آج لوگوں کو مہنگائی کا سامنا ہے۔ عمران خان دو سال میں ملک کو مسائل سے نجات دلادیں گے۔

انھوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون اور ٹومنصوبوں سے 2 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔

Comments are closed.