راولپنڈی اسلام آباد میں القدس ریلیاں، اسرائیلی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ

51 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں القدس ریلیاں، اسرائیلی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ،ملک بھر کی طرح راولپنڈی اسلام آباد میں بھی آج جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پرمنایا گیا۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔

اسلام آباد میں ایم ڈبلیو ایم اور امامیہ اسٹوڈنٹس کی جانب سے القدس ریلی امام بارگاہ جی سکس ٹو سے نکالی گئی،جس کی قیادت سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصر عباس نے کی، ریلی کے شرکاء نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی اور بیداری امت کے زیر اہتمام القدس ریلی آبپارہ تا سرینا چوک نکالی گئی، جس کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کی.

ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ نہتے فلسطینیوں پر مظالم بند کیے جائیں۔ یوم القدس منانے کا مقصد فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے کوششیں جاری رکھنا ہے۔

القدس ریلی سے خطاب میں سینئر سکھ صحافی و اینکر ہرمیت سنگھ نے خطاب میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، ان کا کہنا تھا غزہ تباہی اور نسل کشی کی انتہا ہو چکی لیکن مسلم ممالک سمیت پوری دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے.

راولپنڈی میں شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام راولپنڈی میں یوم القدس ریلی نکالی گئی ۔۔ مظاہرے میں علماء کرام، مردوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ریلی کی قیادت شیعہ علماء کونسل کے رہنما عارف واحدی، اشتیاق کاظمی، کوثر عباس قمی نے کی، ریلی مری روڈ سے کمیٹی چوک تک نکالی گئی، شرکاء کے اسرائیل، امریکہ مردہ باد کے نعرے۔

Comments are closed.